Time 02 مئی ، 2024
پاکستان

الیکشن 2024: پی ٹی آئی کا مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانےکا مطالبہ

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  بیرسٹر گوہر نے الیکشن 2024 میں مبینہ دھاندلی کی انکوائری کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانےکا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ الیکشن کی شفافیت پر آج ایک نکاتی ایجنڈا رکھنے جا رہے ہیں، 8 فروری سے قبل پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی گئی،  آج ہم الیکشن 2024 پر وائٹ پیپرجاری کرنے جا رہے ہیں، ہم نے الیکشن ٹریبونلز میں 158 درخواستیں دائرکی ہیں،  ہم بتائیں گے کہ کس طرح الیکشن میں دھاندلی کی گئی۔

بیرسٹرگوہر نے دعویٰ کیا کہ ہم قومی اسمبلی کی 180 سیٹیں جیت چکے تھے، فارم 47 سے ہماری سیٹیں دوسروں کو دی گئیں، ہم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، وہ پٹیشن بھی آج تک نہیں لگ سکی، انتخابی نشان چھین کر ہمیں میدان میں بھیجا گیا، ہم نے بائیکاٹ نہ کیا اور  پرامن انداز  سے حصہ لیا، فارم 47 بنا  کر ہماری فتح کو  شکست میں بدلا گیا۔

بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں جوڈیشل کمیشن بنے اور  الیکشن کی انکوائری کرے، 300 صفحات پر مشتمل وائٹ پیپر شائع کرنے جا رہے ہیں، وائٹ پیپرز  عالمی اداروں، غیر ملکی میڈیا چینلز  اور اخبارات کی رپورٹس پر مشتمل ہے، عوام کے نوٹس میں لانا چاہتے ہیں کہ کیسے مینڈیٹ  چھینا گیا، ہم جوڈیشل کمیشن چاہتے ہیں تاکہ پتہ چلےکہ کیسے پی ٹی آئی کو ہرایا گیا، ہم چاہتے ہیں کہ انتخابی اصلاحات ہوں تاکہ آئندہ کوئی بھی دھاندلی نہ کرسکے۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ  ہماری چھینی گئی سیٹوں کی دستاویز ہمارے پاس موجود ہے، الیکشن کمیشن کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لیے اربوں  روپے دیےگئے تھے، چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ ہے استعفیٰ دیں، الیکشن کمیشن نے عوام کی امانت میں خیانت کی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا کہنا تھا کہ  پہلے آئین کی دھجیاں اڑائی گئیں،ہم نےکے پی اورپنجاب سے استعفے دیے، ہمارے استعفوں کے بعد 90 دنوں میں الیکشن نہیں کرائے گئے، 16 ماہ میں ملک کی معاشی لحاظ سے شدید تباہی ہوئی، جب جنرل الیکشن کا اعلان ہوا تو امیدواروں سے کاغذات چھینے گئے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہم نے آزاد  حیثیت سے مختلف انتخابی نشانوں کے ذریعے الیکشن لڑا، عام انتخابات میں ہم نے 3 کروڑ سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، عوام نے ووٹوں کے ذریعے اپنا حق ادا کردیا، ہمارے ووٹ ہارنے والوں کے کھاتے میں ڈال کر  انہیں جتوایا گیا۔

مزید خبریں :