اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ: پاکستان نے پہلے میچ میں ملائیشیا کو 4-5 سے ہرادیا

فوٹو: ایف آئی ایچ
فوٹو: ایف آئی ایچ

سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز  پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں میزبان ملائیشیا کو 4 کے مقابلے میں 5 گول سے ہرادیا۔

اپوہ میں شروع  ہونے  والے  ایونٹ میں پاکستان  اور ملائیشیا کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔

میچ میں پاکستان نے نویں منٹ میں سفیان خان کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، اسی کوارٹر میں میزبان ملک کے ابو کمال نے خسارہ پورا کردیا۔  دوسرے کوارٹر میں ابو کمال نے ایک اور گول کے ذریعے ٹیم کو  برتری دلادی۔

ہاف ٹائم تک ملائیشیا کو 1-2  ایک کی برتری تھی۔ ملائیشیا کا تیسرا گول تیسرے کوارٹر میں ابو کمال نے اسکور کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک بھی بنائی۔ ملائیشیا کا چوتھا گول مہران جلیل نے بنایا۔

چوتھے کوارٹر  میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار  کھیل پیش کیا  اور 4 گول اسکور کیے، اس دوران سفیان خان نے اپنی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔

ذکریا حیات کے گول کے بعد ابو محمد نے کھیل کے آخری لمحات میں ملنے والے پنالٹی اسٹروک کو گول میں تبدیل کرکے پاکستان کو 4-5 سے فاتح بنوادیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم کوریا کے خلاف کل 5 مئی بروز اتوار پاکستانی وقت کے مطابق 3:15 بجے دوپہر پول کا اپنا دوسرا میچ کھیلےگی۔

آج کے میچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے  کپتان پاکستان ہاکی ٹیم عماد شکیل بٹ کا کہنا تھا کہ  میزبان ملائیشیا کے خلاف میچ سنسنی خیز رہا، ابتدائی کوارٹر میں کارکردگی اچھی نہیں رہی اور جو پلان دیا گیا ہم پہلے دوکوارٹر میں اس پر عمل نہیں کرسکے۔

عماد شکیل بٹ کا کہنا تھا کہ  دو بار خسارے میں جانے کے بعد کم بیک کرنا مشکل ہوتا ہے، جیت کا کریڈیٹ کھلاڑیوں کو جاتا ہے جو جان لڑا کر کھیلے، ہیڈ کوچ  رولینٹ آلٹمنز کا پلان بھی بہت اچھا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوریا کے خلاف میچ کے لیے عوام دعا کرے، امید ہے ہم اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں وکٹری اسٹینڈ پر آئیں گے، ہاکی کی عالمی رینکنگ میں بھی بہتری لانےکی کوشش کریں گے۔