05 مئی ، 2024
سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا گندم اسکینڈل کے حوالے سے کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا کام نہیں ہےکہ وہ گندم کی پیداوار دیکھے ، 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی کمی تھی، صرف 34 لاکھ میٹرک ٹن درآمد کی گئی۔
سابق نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے سوشل میڈیا شو ٹاک شاک میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ گندم کی مصنوعی طلب صوبوں نے پیدا کی، مصنوعی ڈیمانڈ کرنے والے بیورو کریٹس آج بھی صوبوں میں اہم پوزیشنز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل گندم درآمد کے معاملے پر نجی ہوٹل میں جب لیگی رہنما حنیف عباسی نے گندم درآمد کا معاملہ اٹھایا تو انوار الحق کاکڑ نے جواب میں کہاتھا کہ اگر انہوں نے فارم 47 کی بات کر دی تو ن لیگ منہ چھپاتی پھرے گی۔
سابق نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے ٹاک شاک میں انٹرویو میں مزید کہا کہ خفیہ ادارے عدالت کو جوابدہ نہیں ہیں، وہ صرف وزیر اعظم اور وزارت دفاع کو جوابدہ ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے بتایا کہ جنرل عاصم منیر کے ساتھ بہترین تعلقات تھے جبکہ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد رابطہ ہوا تھا۔
سابق نگران وزیر اعظم نے بتایا کہ میں نے سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو الواداعی کال کی اور ان سے کہا کہ اس منصب سے فارغ ہو گئے ہیں،اللہ آپ کے لیے آگے آسانیاں کریں۔
انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں کلچر نہیں ہے کہ گئے ہوئے شخص کو الوداع کیا جائے، نئےچیف جسٹس کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے یو این جی اے کا ٹریول پلان تبدیل کیا، نئےچیف جسٹس کو مل کرمبارک باد دینا چاہتا تھا۔
واضح رہے کہ گندم درآمد اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے سابق نگران وزیراعظم اور سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو طلب کرنے کی خبروں کی تردیدکردی ہے۔