حج پروازوں میں 4 دن رہ گئے، وزارت مذہبی امور میں مستقل وزیر اور سیکرٹری مقرر نہ ہوسکے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

حج پروازیں شروع ہونے میں صرف 4 دن باقی رہ گئے لیکن وزارت مذہبی امور میں مستقل وزیر اور سیکرٹری تاحال مقرر نہیں ہو سکے۔

ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق محکمے کا مستقل وزیر اور سیکرٹری مقرر نہ ہونے کے باعث حج قرعہ اندازی میں ناکام 5 ہزار633 درخواستوں کے معاملے پر بھی کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔

ذرائع کے مطابق قرعہ اندازی میں ناکام عازمین کیلئے وزیراعظم کو تاحال کوئی درخواست بھی نہیں بھیجی جا سکی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ رواں سال تقریباً 1 لاکھ 60 ہزارعازمین فریضہ حج ادا کرنے حجازمقدس جائیں گے جبکہ سعودی عرب کو ساڑھے 19 ہزار حج کوٹا واپس کیا جارہا ہے۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ 2 سال سے سعودی عرب کو حج کوٹا واپس کیا جا رہا ہے، آئندہ بھی حج کوٹا واپس کیا گیا تو پاکستان کا کوٹا کم ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر اوورسیز چوہدری سالک حسین کو 3 اپریل کو وزارت مذہبی امور کی اضافی ذمہ داری سونپی گئی تھی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری سید عطاالرحمان کو گزشتہ سال 30 اکتوبر کو سیکرٹری مذہبی امور کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔

مزید خبریں :