06 مئی ، 2024
پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے لیے شیر افضل مروت کی جگہ نئے نام کی منظوری دیدی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شیر افضل مروت کو ہٹانے کے لیے عمر ایوب اور شبلی فراز نے سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلایا، سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں شیر افضل مروت کا نام واپس لینے کے لیے ووٹنگ کرائی گئی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی اے سی کے لیے شیر افضل مروت کے حق میں اسد قیصر، شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار اور زلفی بخاری سامنے آئے جبکہ عمر ایوب اور شبلی فراز شیر افضل مروت کو ہٹانے کے لیے وقاص اکرم کا نام سامنے لائے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی اے سی کے لیے وقاص اکرم کے نام کی منظوری پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے دی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سیاسی کمیٹی شیر افضل مروت کا نام واپس لینے کے فیصلے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آگاہ کرے گی۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شیر افضل مروت کا نام چیئرمین پی اے سی کے لیےتجویز کیا تھا۔
دو روز قبل بیرسٹر گوہر علی نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے شیر افضل مروت کا نام چیئرمین پی اے سی کے لیے تجویز کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے فیصلے سے متعلق شیر افضل مروت کا کہنا ہے مجھے سیاسی کمیٹی اجلاس کے میں نہ مدعو کیا گیا اور نہ ہی مجھ سے کوئی مشورہ ہوا۔
اس سے قبل شیر افضل مروت نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگوں نے عمران خان سے مجھے چیئرمین پی اے سی نہ بنانے کا کہا تھا لیکن عمران خان نے ان سب کی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے میرا نام لیا۔