Time 10 مئی ، 2024
کاروبار

آئی ایم ایف نے رواں سال پاکستان کی معاشی ترقی 2 فیصد رہنے کی پیشگوئی کر دی

عالمی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ رواں سال پاکستان کی معاشی ترقی 2 فیصد رہنے کا امکان ہے  جبکہ اگلے مالی سال پاکستان کی شرح نمو بڑھ کر 3.5 فیصد ہونے کی امید ہے۔

 آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس سال اوسط مہنگائی 24.8 فیصد، اگلے سال 12.7 فیصد پر آجائے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اس سال بیروزگاری 8 فیصد، اگلے سال 7.5 فیصد پر آنے کا امکان ہے جبکہ اس سال مالی خسارہ 7.5 فیصد اور اگلے سال جی ڈی پی کے 7.4 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق اس سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا منفی 0.8 فیصد تک محدود رہے گا، اگلے سال پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ منفی 1.2 فیصد ہوجائے گا۔

عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی ہے، معاشی استحکام کے باوجود پاکستانی معیشت کو بلند خطرات کا سامنا ہے۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ معاشی استحکام کے ساتھ معتدل شرح نمو واپس آئی ہے، پاکستان کی معاشی آؤٹ لک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، مضبوط اور پائیدار معاشی ترقی کیلئے پالیسی اصلاحات جاری رکھنا ہوں گی۔

اس کے علاوہ  آئی ایم ایف نے پاکستان کے مالی اہداف پر سختی سے عمل درآمد پر زور دیا۔

 آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ کی پالیسی برقرار رکھی جائے، دوسرے اورآخری اقتصادی جائزے کی تکمیل پاکستانی حکام کی کوششوں کا نتیجہ ہے، پاکستان کے معاشی استحکام کے آثار مضبوط ہیں۔

مزید خبریں :