Time 12 مئی ، 2024
پاکستان

صوبے میں 300 یونٹ تک فری بجلی دینےکے منصوبے پرکام کر رہے ہیں: وزیراعلیٰ سندھ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکہا ہےکہ چیئرمین  پیپلز پارٹی بلاول بھٹو  زرداری کے 300 یونٹ تک بجلی مفت دینے کے  وعدے پر سندھ حکومت کام کر رہی ہے۔

حیدر آباد میں میڈيا سےگفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکہا کہ لیبرکارڈ اور کسان کارڈ کا جلد اجرا کرنے جارہے ہیں، اب وزیراعلیٰ نہیں بلکہ ورکر حکومت کرےگا، اب ورکرز تجاویز دیں گے، وہ اسی کے لیے دورے کر رہے ہيں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ  بلاول بھٹو  نے صوبے کے ہر محلے اور  ہر گاؤں میں پینےکا صاف پانی پہنچانے کا حکم دیا ہے۔ سیلاب متاثرین کے لیے سندھ میں 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے فنڈز  مل گئے، ایک لاکھ گھر تعمیر ہوچکے ہیں، 6 لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سب کو سرکاری نوکریاں دینا ممکن نہیں ،کاروبار کے مواقع  پیدا کرنا ہوں گے۔ دیگر صوبوں کے موٹرے وے منصوبے سی پیک میں شامل ہوجاتے ہیں، سندھ کے بھی منصوبے سی پیک میں شامل ہونے چاہئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  حیرت ہوتی ہےکہ ڈاکوؤں کے بارے میں میڈیا میں بڑھا چڑھا کر بتایا جاتا ہے،  سندھ میں امن و امان کی صورتحال ایسی نہیں ہے کہ فوج کی نگرانی میں کانوائے چل رہا ہو۔

مزید خبریں :