14 مئی ، 2024
کراچی کے سابق اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار نے حالیہ ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کی جس میں ان کے فیشن سینس کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ہاظم بنگوار اپنے مخصوص لباس کے انتخاب کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خاصے مقبول ہیں۔
اب سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی ہاظم بنگوار کے عہدے کے لحاظ سے ان کے لباس پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے AIU لندن سے فیشن ڈیزائن اور مارکیٹنگ میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد برطانیہ سے بھی ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی ہے۔
وہ ایک گلوکار بھی ہیں اور انہوں نے اپنا پہلا سنگل البم 2019 میں ریلیز کیا جو جنوبی کوریا، ہنگری، مصر اور بھارت میں ہٹ ہوا ، اس کے بعد ان کا دوسرا گانا Hell Ya اور بالترتیب 2020 اور 2021 میں ان کا اردو زبان میں پہلا گانا آیا۔
ہاظم بنگوار نے انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کیں جس میں انہوں نے کیپشن لکھا کہ 'پاکستان میں میٹ گالا نہیں ہو سکتا لیکن یہاں اسٹائل بہت ہے'۔
تاہم فواد چوہدری کو یہ کچھ خاص پسند نہیں آیا، جس پر انہوں نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ہاظم بنگوار کو اپنے عہدے اور سرکاری آفس کا احترام کرنے کا کہا۔
فواد چوہدری نے لکھا انڈین سول سروس جدید دنیا کی پہلی میرٹ پر مبنی بیوروکریسی تھی، ہم پاکستانی سول سروس میں جو زوال دیکھ رہے ہیں، ٹریولن رپورٹ کے مصنفین اپنے خوابوں میں بھی یہ نہیں سوچ سکتے تھے، آپ جس عہدے پر موجود ہیں اس کا کچھ احترام کریں۔
اس کے علاوہ صرف سابق وفاقی وزیر نہیں بلکہ متعدد سوشل میڈیا صارفین نے بھی ہاظم بنگوار کے پہناوے پر تنقید کی۔
تاہم کچھ صارفین نے ہاظم بنگوار کی حمایت کی اور کہا کہ وہ اپنی پسند کا فیشن کرسکتے ہیں۔