کھیل

آئرلینڈ کیخلاف تیسرے ٹی 20 میں پاکستانی بیٹرز نے نئے ریکارڈ بنادیے

فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی

آئرلینڈ کیخلاف تیسرے ٹی20 میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے نئے ریکارڈ  بنا لیے۔

آج کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کے بابر اعظم اور محمد رضوان نے پارٹنرشپ کے نئے ریکارڈ بنائے جبکہ بابر اعظم نے سب سے زیادہ ففٹی پلس اسکورز کے ویرات کوہلی کے ریکارڈ کو بھی توڑ دیا۔ 

اس کے علاوہ بابر اعظم نے بین وائٹ کے ایک اوور میں چار چھکے لگاتے ہوئے 25 رنز بنائے، یہ پہلا موقع تھا جب کسی پاکستانی بیٹر نے ٹی20 انٹرنیشنلز کے ایک اوور میں 25 رنز بنائے ہیں۔

ڈبلن میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی20 میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے دوسری وکٹ کے لیے 139 رنز کی شراکت قائم کی۔ یہ دونوں کے درمیان ٹی20 انٹرنیشنلز میں 10ویں سنچری شراکت ہے  جس کے ساتھ وہ انٹرنیشنل ٹی20 میں 10 سنچری پارٹنرشپس کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 

ساتھ ہی دونوں کھلاڑی  شراکت داری میں 3 ہزار رنز بنانے والی پہلی جوڑی بھی بن گئے ہیں، اس سے قبل  آئرلینڈ کے پاول اسٹرلنگ اور بیل بائرن نے شراکت داری میں 2043 رنز بنائے ہیں جبکہ بھارت کے روہت شرما اور کے ایل راہول کے درمیان ٹی20 انٹرنیشنلز میں 5 سنچری شراکت بنائی ہیں۔ 

یہ ٹی20 انٹرنیشنلز میں بابر اعظم کی 17 ویں سنچری پارٹنرشپ تھی، وہ سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری پارٹنرشپ کرنے والے کھلاڑی ہیں، محمد رضوان نے 13 ویں مرتبہ سنچری پارٹنرشپ میں حصہ داری نبھائی ہے۔

اس میچ میں 75 رنز کی انفرادی اننگز کے ساتھ بابر اعظم نے سب سے زیادہ 50 رنز سے زیادہ کی اننگز  کھیلنے  والے کھلاڑی بن گئے ہیں، یہ بابر اعظم کا 39 واں ففٹی پلس اسکور ہے، بھارت کے ویرات کوہلی نے 38 ففٹی پلس اسکور بنائے ہیں۔

آج کھیلے جانے والے میچ کے 14ویں اوور میں بابر اعظم نے بین وائٹ کو  چار چھکے لگاتے ہوئے ایک اوور  میں 25 رنز  بنائے، یہ ٹی20 انٹرنیشنل میں ایک اوور  میں کسی پاکستانی بیٹرکا سب سے زیادہ اسکور  ہے۔ ان سے قبل عامر جمال، خوشدل شاہ، آصف علی اور محمد رضوان اوور  میں 24 رنز بناچکے ہیں۔ 

یہ صرف تیسرا موقع تھا جب کسی ایک پاکستانی بیٹر نے ٹی20 انٹرنیشنل میں ایک اوور میں چار چھکے لگائے ہوں، اس سے قبل آصف علی نے افغانستان کے خلاف اورخوشدل شاہ نے ہانگ کانگ کے خلاف چار، چار  چھکے لگائے ہیں۔

مزید خبریں :