15 مئی ، 2024
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن جانتی ہےکہ کس کا پاؤں پکڑنا ہے اسی لیے سیاستدانوں سے بات نہیں کرتی۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر اپوزیشن 9 مئی کی معافی مانگنے پر تیار نہیں تو ان کا رونا دھونا جاری رہےگا، 9 مئی کو احتجاج نہیں فوجی قیادت کے خلاف بغاوت تھی جو ناکام ہوئی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن 9 مئی کی مذمت کرنے پر تیار نہیں تو اس کا مطلب ہےکہ وہ ذمہ دار ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بات آئین کی بالادستی کی کرتے ہیں مگر انہیں بات اسٹیبلشمنٹ سے کرنی ہے، اپوزیشن جانتی ہے کہ کس کا پاؤں پکڑنا ہے اسی لیے سیاستدانوں سے بات نہیں کرتی، اپوزیشن اسٹیبلشمنٹ کے پاؤں پکڑ کر زبردستی مداخلت کرا رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے اپوزیشن کے حوالے سے کہا کہ اِن کا لیڈر ایک رات جیل میں گزار کر اتنا گھبرایا کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کردیا، اب رو رہا ہےکہ مجھے باہر نکالو، پی ٹی آئی نے پہلے پنجاب کو بزدار کا تحفہ دیا اور اس بار خیبرپختونخوا کو اسی قسم کا وزیراعلیٰ دلوادیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بتایا جائے کہ خیبرپختونخوا کا قصور کیا ہے؟ وزیراعلیٰ کے پی 'ان' کا اچھا بچہ ہے، جو خان کو دکھانے کے لیے ہوائی فائرنگ کرتا ہے۔