Time 15 مئی ، 2024
دنیا

حماس نے اسرائیلی ٹینکوں پر ڈرامائی حملے کی ویڈیو جاری کردی

فلسطینی مزاحمتی تنظیم  حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے  اسرائیلی ٹینکوں پر ڈرامائی حملے کی ویڈیو جاری کردی۔

رفح اور شمالی غزہ پر چڑھائی کرنے والی اسرائیلی فوج کی فلسطینی مزاحمت کاروں سے شدید جھڑپیں جاری ہیں۔  

القسام بریگیڈز نے رفح پر حملہ آور اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنانے کی ویڈیو جاری کردی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کار اسرائیلی ٹینکوں کے قریب موجود زیر زمین سرنگ سے نکلے اور ٹینک کے نیچے بارودی سرنگ نصب کردی۔ 

ویڈیو میں مزاحمت کاروں کو ٹینک کے نیچے بارودی سرنگ نصب کرنے کے بعد راکٹ سے ٹینک کا نشانہ لیتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کار اسرائیلی ٹینک کے نیچے بارودی سرنگ نصب کرکے  سرنگ میں واپس لوٹ گئے، ویڈیو میں مزاحمت کاروں کی جانب سے دیگر اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی علاقے رفح پر حملہ کرنے کے بعد شمالی غزہ میں بھی دوبارہ حملے شروع کردیے ہیں۔ 

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم از کم 60 افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت میں کم از کم 35 ہزار 233 افراد شہید اور 79 ہزار 141 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :