16 مئی ، 2024
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ جس کا جب دل چاہتا ہے اسٹیبلشمنٹ اور افواج پاکستان پر الزام لگا دیتا ہے۔
اپنے بیان میں گورنر سندھ نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ اس معاملے کا نوٹس لے اور سپریم جوڈیشل کونسل دیکھے کہ ہائی کورٹ کے جج خط کیوں لکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سے آج کل فیصلے آ رہے ہیں اس سے قوم پریشان ہےکہ کچھ لوگوں کیلئے فیصلے گھنٹوں میں آرہے ہیں جبکہ غریب کو اس کیلئے برسوں انتظار کرتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیا کہ موڈ بدلا ، ہوا بدلی فیصلے بدل گئے، سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس بلا کر سارے معاملات کا جائزہ لیا جائے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عدلیہ ایسے فیصلے نہ کرے جس پر دس سال بعد اسے ندامت ہو اور پھر فیصلہ تبدیل کرنا پڑے۔
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان نے بھی اپنے بیان میں کہاکہ دفاعی اداروں پر تنقید اور تبصرے کرناملکی مفادمیں نہیں، انصاف کی عدم فراہمی نے نظام انصاف پر سے قوم کا اعتماد اٹھا دیا ہے۔
اپنے بیان میں ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ سستی شہرت کیلئے ملکی مفاد کو نقصان نہیں پہنچاناچاہیے، ججز اپنےفیصلوں سے پہچانےجاتےہیں،الزامات اور بیانات کےذریعے نہیں۔