16 مئی ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زین قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ہر سیاسی قوت سے بات کرنے کو تیار ہیں مگر پہلے تین مطالبات تسلیم کیے جائیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے زین قریشی نے کہا کہ القادر کیس میں عمران خان کی ضمانت سے ہمارے دیرینہ مؤقف کی تائید ہوتی ہے کہ ان پر بنائے گئے تمام مقدمات سیاسی مخاصمت کا نتیجہ ہیں کیونکہ ضمانت اسی صورت میں ملتی ہے جب کیس کمزور ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے دن سے کہا کہ مقدمات چلنے چاہیے، اگر کسی کے خلاف کوئی ثبوت ہیں تو اسے کیفر کردار تک پہنچنا چاہیے اور اگر آپ مفاہمت کے بارے میں واقعے سنجیدہ ہیں تو کہانی کو آگے چلائیں، ہم مفاہمت کیلئے سو فیصد تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف مفاہمت اور مذاکرات کیلئے تیار ہے لیکن اس کیلئے ہماری تین شرائط ہیں، ہر کسی کو اپنی شرائط رکھنے کا حق حاصل ہے، ہماری بھی اپنی شرائط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات اور مفاہمت کیلئے ہماری شرط ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اسیر کارکنان اور قائدین کو رہا کیا جائے، 9 مئی کے واقعات اور 8 فروری کے عام انتخابات میں دھاندھلی سے متعلق کمیشن بنائے جائیں اور ہمارا چوری شدہ مینڈیٹ ہمیں لوٹا دیا جائے تو ہم ہر کسی سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔
میزبان حامد میر نے ان سے سوال کیا کہ آپ کس سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں جس پر زین قریشی نے جواب دیا کہ ہم ہر سیاسی قوت سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا، راستہ ایک ہی ہے اور ہمیں آگے بڑھنا چاہیے۔