18 مئی ، 2024
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ کرغزستان میں مقامی اور غیرملکی طلبہ کے درمیان جھگڑے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں پاکستانی طلبہ سے متعلق کرغز حکام سے رابطے میں ہیں۔
سوشل میڈیا پر کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفیر اور ان کی ٹیم کیلئے پاکستانیوں کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم نے پاکستانی طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ حالات معمول پر آنے تک طلبہ گھروں پر رہیں۔
اپنی پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں اور پاکستانی طلبہ کی حفاظت یقینی بنانےکیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کے مقامی اور غیر ملکی طلبہ میں جھگڑے کے بعد ہنگامہ آرائی ہوگئی ہے، پاکستانی طلبہ بھی ہنگاموں کی زد میں آگئے اور مشتعل کرغز طلبہ نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملے کردیے، متعدد طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق مظاہرین کے حملوں میں 3 پاکستانی طالب علموں کی ہلاکت ہو چکی ہے تاہم جیو نیوز ان ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کر سکتا۔
مشتعل کرغز طلبہ کی جانب سے پاکستانی نوجوانوں کے ہاسٹلز پر حملے کرکے توڑ پھوڑ کی گئی اور پاکستانی طالبات کو بھی ہراساں کیا جا رہا ہے جس پر پاکستانی طلبہ تشویش کا شکار ہوگئے ہیں۔
جیو نیوز سے خصو صی گفتگو میں پاکستانی طلبہ نے کہا کہ ہاسٹل میں لڑکوں اور لڑکیوں پر تشدد کیا گیا ہے، طلبہ نے پاکستان سفارت خانے کی جانب سے عدم تعاون کی بھی شکایت کی ہے۔