Time 18 مئی ، 2024
پاکستان

کرغزستان میں ہنگاموں کی صورتحال پر پاکستانی سفیرکا ویڈیو بیان

کرغزستان میں ہنگاموں کی صورتحال پر  پاکستانی سفیر حسن ضیغم نے ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں حسن ضیغم کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مقامی انتہاپسند عناصر نے بین الاقوامی طلبا کے ہاسٹلز  اور  ان کی نجی رہائش گاہوں پر حملہ کیا۔

پاکستانی سفیر کے مطابق کرغز حکومت نے بتایا ہے کہ ان حملوں میں 14 غیر ملکی طلبا زخمی ہوئے ہیں۔ شاہ زیب نامی  ایک پاکستانی طالب علم بھی اسپتال میں زیر علاج ہے۔

سفیرکا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسپتال میں خود جا کر شاہ زیب سے ملاقات کی ہے، اللہ کا شکر ہے کہ اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار  نے  پاکستانی شہریوں کو  ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کرغز حکومت نے بھی ہمیں یقین دلایا ہے کہ غیرملکی طلبا کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائےگا۔

پاکستانی سفیر کے مطابق کرغز حکام کا کہنا ہے کہ پولیس غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کے لیے چوکس  ہے، معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے کچھ گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں۔

پاکستانی سفیر کی زخمی پاکستانی طالب علم شاہ زیب سے ملاقات، فوٹو: @ForeignOfficePk
پاکستانی سفیر کی زخمی پاکستانی طالب علم شاہ زیب سے ملاقات، فوٹو: @ForeignOfficePk

حسن ضیغم کا کہنا تھا کہ کرغز حکومت  نے تمام غیر ملکی شہریوں سے اپیل کی ہےکہ وہ ہاسٹلز میں رہیں اور سوشل میڈیا پر موجود غیر مصدقہ مواد کو شیئر نہ کریں۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ ہمارا سفارتخانہ صورتحال کے حوالے سے مکمل فعال ہے، اب تک تقریباً500 سے زیادہ پاکستانیوں کو ایمرجنسی نمبرز  پر جواب دے چکے ہیں۔

انہوں نے کرغزستان میں موجود پاکستانیوں کے والدین اور اہلخانہ سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں۔

پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری ایمرجنسی نمبرز
پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری ایمرجنسی نمبرز

اس سے قبل بشکیک میں پاکستانی سفیرحسن ضیغم نے کرغزستان کے نائب وزیرخارجہ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے  پاکستانی طلبا اور ان کےاہلخانہ کےخدشات سے آگاہ کیا۔

کرغز نائب وزیرخارجہ  نےکہا کہ حکام نے صورتحال پر قابو  پالیا ہے، کرغز پولیس تمام ہاسٹلز کو سکیورٹی فراہم کر رہی ہے، صورتحال کی براہ راست نگرانی کرغز صدر کر رہےہیں، مجرموں کےخلاف قانونی کارروائی کی جائےگی۔

مزید خبریں :