Time 18 مئی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

ہاتھ سے تیار کردہ پہلی پاکستانی اینیمیٹڈ فلم ”دی گلاس ورکر“ کانز فلم فیسٹیول میں پیش

فوٹو: جیو فلمز
فوٹو: جیو فلمز

پاکستان کی پہلی ہاتھ سے تیار کردہ اینی میٹڈ فلم ”دی گلاس ورکر“ دُنیا کے سب سے بڑے کانز فلم فیسٹیول میں پیش کردی گئی ہے۔

 مانو اینی میشن اسٹوڈیو کی بنائی ہوئی یہ فلم جیو فلمز اورمانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے رواں موسم گرما میں پاکستان بھر میں ریلیز کی جائےگی۔ فلم ”دی گلاس ورکر“ کانز فلم فیسٹیول میں پیش کیے جانے کے موقع پرپاکستان کریسنٹ کلیکٹیوکی جانب سے فلم بنانے والوں کے لیے پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا۔

ڈائریکٹر عثمان ریاض نے بتایا کہ میں نے یہ سفر 10 برس پہلے 2014 میں شروع کیا تھا اور اس وقت کسی کو بھی یقین نہیں تھا کہ یہ فلم اس قدر شہرت حاصل کرے گی۔

فلم کے پروڈیوسر خضر ریاض کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اینی میشن انڈسٹری کی طرف سے پاکستانی فلم کو تسلیم کیا جانا ”ایک خواب پورا ہونا ہے“۔

پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین محمد نقوی نے کہا کہ ”دی گلاس ورکر“ نے کانز فلم فیسٹیول میں جس انداز سے پاکستان کی نمائندگی کی ہے وہ بطور پاکستانی ہم سب کیلئے قابل فخر ہے۔ ”دی گلاس ورکر“ برصغیر کی پہلی فلم ہے جسے اینیسی انٹرنیشنل اینی میشن فلم فیسٹیول 2024 میں مقابلے کیلئے منتخب کیا گیا۔

”دی گلاس ورکر“  ہالی ووڈ اور جاپانی اینی میٹڈ فلموں کے ساتھ سرکاری مقابلے کیلئے منتخب کی گئی جو  بہت بڑا اعزاز ہے۔

واضح رہے کہ ”جیوفلمز“ ا س سے قبل کئی مشہور اور شاہکار فلمیں اپنے ناظرین کیلئے پیش کر چکا ہے جنہیں عوام نے ہمیشہ بہت پسند کیا۔

اس کے علاوہ جیو فلمز کا پاکستانی سنیما گھروں کی بحالی میں اہم کردار بھی ہے۔ خدا کے لیے، بول، طیفا اِن ٹربل، دی لیجنڈ آف مولاجٹ اور ڈونکی کنگ جیسی شاہکار فلمیں ”جیوفلمز“ کی جانب سے پیش کی گئی ہیں جنہیں ناظرین بے انتہا مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔

مزید خبریں :