19 مئی ، 2024
ملک میں گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ گیسٹرو اور پیٹ کے دیگر امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت بڑھنے سے ایک ہی دن میں سینکڑوں کی تعداد میں مریض اسپتال آنے لگے۔
اسپتالوں میں ڈائریا اور گیسٹرو کے مریضوں کا رش لگا ہوا ہے جس کے باعث اسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔
ڈاکٹروں کی جانب سے ہدایات:
ڈاکٹروں کا شہریوں کو مشورہ ہے کہ پانی اُبال کر پیئیں، اس کے علاوہ باہر ٹھیلوں کی کھلی اشیا کھانے پینے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔
سندھ پنجاب کے متعدد شہروں میں درجہ حرارت 45 ڈگری ہے، نواب شاہ میں 49 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
کل سے ملک کے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو کا خدشہ بھی ہے، درجہ حرارت بتدریج بڑھنے اور آئندہ 10 روز کے دوران 50 ڈگری سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔