20 مئی ، 2024
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے 5 سالہ پاور ایکوزیشن پروگرام کی منظوری دے دی۔
نیپرا کی جانب سے پروگرام کی منظوری 2024 سے 2028 تک دی گئی ہے۔
نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک نے 20 مارچ 2023 کو پاورایکوزیشن کا جامع منصوبہ جمع کرایا تھا، پروگرام کی منظوری کراچی میں بجلی کی پائیدار، مستحکم فراہمی کے لیے دی گئی۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ 5 سالہ پروگرام میں قابل تجدید توانائی، مقامی فیول اور نیشنل گرڈ سے بجلی کا حصول شامل ہے، کے الیکٹرک سولر اور ونڈ انرجی سمیت 1282 میگاواٹ قابل تجدید توانائی اپنے جنریشن مکس میں شامل کرے گی، جنریشن مکس میں 270 میگاواٹ سولر اور دھابیجی کے قریب 200 میگاواٹ کا ہائبرڈ پلانٹ شامل ہیں۔
دوسری جانب سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا ہے کہ اپنے پاور ایکوزیشن پروگرام پر نیپرا کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں،آئندہ 5 سال کے لیے ہمیں واضح روڈ میپ مل گیا ہے۔
سی ای او کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کلین انرجی کو اپنے نظام میں شامل کرنا توانائی کے پائیدار نظام کے لیے اہمیت کا حامل ہے، ہمارے 640 میگاواٹ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر عالمی سطح پر کافی دلچسپی دیکھی گئی ہے، یہ فیصلہ ہمیں جدید، پائیدار ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کرنے کے قابل بنائے گا اور کراچی کے رہائشیوں کا روشن مستقبل یقینی بنائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی کوئلے سے بجلی پیدواری صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا، اس سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہو گا۔