21 مئی ، 2024
وزارت خزانہ نے ایک سال میں 300 ارب روپے سے زائد کے اخراجات کم کرنے کا منصوبہ آئی ایم ایف کو پیش کر دیا جس کے مطابق نئی گاڑیاں خریدنے پر مکمل پابندی رہے گی،
وزارت خزانہ کی جانب سے پیش کیے گئے منصوبے کے مطابق ایک سال سے خالی گریڈ 1 سے 16 کی تمام پوسٹوں کو ختم کر دیا جائے گا اور وفاقی حکومت صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں میں فنڈنگ نہیں کرے گی۔
جیو نیوز کو ملنے والی معلومات کے مطابق وفاقی حکومت صرف اہم اور قومی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے وسائل فراہم کرے گی، انفرااسٹرکچر کے منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیے جائیں گے۔
وفاقی حکومت کوئی نئی یونیورسٹی قائم نہیں کرے گی اور صوبائی حکومتیں اپنے ماتحت آنے والی جامعات کی خود فنڈنگ کریں گی۔
آئندہ مالی سال سے دفاع اور پولیس کے علاوہ نئی بھرتیوں کیلئے رضاکارانہ پنشن اسکیم شروع کرنے پر غور کیا جائے گا۔
آئندہ مالی سال سے اراکین اسمبلی کی ترقیاتی اسکیموں پر مکمل پابندی کا امکان ہے۔