Time 21 مئی ، 2024
دنیا

فرانس نے آئی سی سی چیف پراسیکیوٹرکی نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست کی حمایت کردی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

فرانس نے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے  چیف  پراسیکیوٹر کی  اسرائیلی وزیراعظم  کے  وارنٹ گرفتاری کی درخواست کی حمایت کردی۔

فرانس نے اپنے مغربی اتحادیوں کے برعکس آئی سی سی کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔

فرانسیسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ عدالت  پر منحصر ہےکہ  وہ شواہد کی جانچ پڑتال کے بعد وارنٹ جاری کرنےکا فیصلہ کرے۔

فرانسیسی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ عالمی فوجداری عدالت، اس کی آزادی اور استثنیٰ کے خلاف جنگ کی حمایت کرتے ہیں، غزہ پٹی میں شہریوں کی ہلاکتوں کی ناقابل قبول سطح  اور امداد کی رسائی میں کمی پرکئی مہینوں سے خبردار کر رہے ہیں۔

فرانس کا یہ اقدام اس کے اور  اس کے مغربی اتحادیوں کے درمیان ایک بڑی تقسیم کی نشاندہی کرتا ہے۔

فرانس ان چند مغربی ممالک میں شامل ہے جو اسرائیل کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتا رہا ہے۔

خیال رہے کہ عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور غزہ میں حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کے جنگی جرائم کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے لیے درخواست دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان  نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ جنگی جرائم اور 7 اکتوبر کے حملوں اور  اس کے نتیجے میں غزہ میں ہونے والی جنگ کی وجہ سے حماس کے رہنما یحییٰ سنوار اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے جج ثبوتوں کی بنیاد پر اسرائیلی وزیر اعظم اور دیگر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

مزید خبریں :