Time 23 مئی ، 2024
پاکستان

عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پرپابندی کا پیمرا کا نوٹیفکیشن ہائیکورٹس میں چیلنج

عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پرپابندی کا پیمرا کا نوٹیفکیشن ہائیکورٹس میں چیلنج
ہدایت نامے میں کہا گیا ہےکہ عدالتی کارروائی سے متعلق ٹکرز اور ہیڈ لائنز نشر کرنے سے گریز کیا جائے— فوٹو: فائل

لاہور ہائیکورٹ، اسلام آباد ہائیکورٹ اور سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ میں عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پرپابندی کا پیمرا کا نوٹیفکیشن چیلنج  کردیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ رپورٹرز کی نمائندہ تنظیموں کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیمرا کا نوٹیفکیشن آرٹیکل 19 اور 19 اے کی خلاف ورزی ہے، نوٹیفکیشن غیرآئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔

سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ میں درخواست پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے دائر کی گئی، درخواست گزار کے وکیل کے مطابق درخواست میں پیمرا، وفاقی حکومت اور سیکرٹری اطلاعات کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پیمرا کاعدالتی کارروائی سے متعلق نوٹیفکیشن غیرقانونی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تحریری حکمنامے کے علاوہ دیگر عدالتی کارروائی نشر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

عدالتوں میں زیر سماعت کیسز کی رپورٹنگ سے متعلق پیمرا کے ہدایت نامے میں کہا گیا ہےکہ عدالتی کارروائی سے متعلق ٹکرز اور ہیڈ لائنز  نشر کرنے سے گریز کیا جائے۔

پیمرا نے کہا ہے کہ صرف تحریری احکامات کی ہی خبر دی جائے۔ 

پیمرا کی ہدایات کے مطابق ٹی وی چینلز  براہ راست نشر ہونے والی عدالتی کارروائی دکھا سکتے ہیں۔ 

پیمرا کے مطابق ٹی وی چینلز کوئی بھی ایسا مواد، گفتگو، تجویز  یا رائے نشر کرنے سے گریز کریں جو عدالتی فیصلوں پر اثر انداز ہوسکتی ہو۔

مزید خبریں :