Time 23 مئی ، 2024
پاکستان

اسلام آباد: سی ڈی اےکا انسداد تجاوزات آپریشن، پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کا ایک حصہ گرا کر دفتر سیل کردیا

اسلام آباد: سی ڈی اےکا انسداد تجاوزات آپریشن، پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کا ایک حصہ گرا کر دفتر سیل کردیا
فوٹو: اسکرین شاٹ

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکرٹریٹ پر کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے  انسداد تجاوزات آپریشن کرتے ہوئے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کا ایک حصہ گرا دیا اور دفتر سیل کردیا۔

آپریشن سے قبل  پولیس نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ  جانے  والے راستوں کو بند کر دیا۔

سی ڈی اے نے آپریشن کے دوران پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کا ایک حصہ گرا دیا اور  تحریک انصاف کا دفتر سیل کردیا۔ سی ڈی اے نے تحریک انصاف کے دفتر کو سیل کرنے کا حکم نامہ  بھی چسپاں کردیا۔

سی ڈی اے کا مؤقف ہےکہ آپریشن بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لیےکیا گیا۔

اسلام آباد: سی ڈی اےکا انسداد تجاوزات آپریشن، پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کا ایک حصہ گرا کر دفتر سیل کردیا
 سی ڈی اے نے تحریک انصاف کے دفتر کو سیل کرنے کا حکم نامہ بھی چسپاں کردیا

سی ڈی اے کا کہنا ہےکہ  سیکٹر  جی ایٹ فور میں واقع پلاٹ سرتاج علی نام کے شخص کو الاٹ ہے۔

دوران آپریشن پی ٹی آئی کارکنوں کی  بڑی تعداد جمع ہوگئی، اس دوران  پی ٹی آئی کےکچھ کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

دوسری جانب سیکرٹریٹ کے باہر میڈیا سےگفتگو میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سی ڈی اے کے اقدام کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ  ہمارے پاس سیکرٹریٹ پر تجاوزات کے حوالے سے کبھی کوئی نوٹس نہیں آیا،  سی ڈی اے اہلکاروں سے پوچھا کوئی آرڈر ہے تو دکھائیں مگر وہ نہیں دکھا سکے، تجاوزات تھیں تو ہمیں بتاتے ہم خود انہیں گرا دیتے۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے کی کارروائی کے معاملے کو اسمبلی میں اٹھائیں گے،  سی ڈی اے کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  اسلام آباد انتظامیہ نے رات کے اندھیرے میں آپریشن کیا،  سی ڈی اے نے بغیر نوٹس کارروائی کی ہے۔

مزید خبریں :