25 مئی ، 2024
سرگودھا میں توہین مذہب کے الزام میں مشتعل افراد نے گھر میں گھس کر ایک شخص کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
سرگودھا کی مجاہد کالونی میں مشتعل افراد نے توہین مذہب کے الزام میں ایک شخص کو گھر میں گھس کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور توڑ پھوڑ کی۔
پولیس اور سادہ لباس اہلکار زخمی شخص کو ایمبولینس میں ڈال کر ساتھ لےگئے جبکہ مشتعل افراد نےگھر میں بنے جوتوں کے کارخانےکو آگ لگا دی، مشتعل افراد نے بجلی کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچایا۔
ڈی پی او خوشاب، آر پی او، امن کمیٹی کے اراکین اور پولیس کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے۔
آر پی او شارق کمال صدیقی کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے، امن و امان خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
آرپی او شارق کمال نے بتایا کہ پولیس نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بحفاظت اسپتال منتقل کر دیا ہے، مشتعل افراد کی جانب سے پولیس پر بھی پتھراؤ کیا گیا، پولیس نے ہجوم کو منتشر کر دیا ہے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔