25 مئی ، 2024
راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال میں کانگو وائرس کے 2 مریض انتقال کرگئے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق تین مریض رواں ماہ اٹک سے لائے گئے تھے، جن میں سے 2 انتقال کرگئے جب کہ کانگو وائرس کا تیسرا مریض زیر علاج ہے۔
ڈی ایم ایس بینظیر بھٹو اسپتال ڈاکٹر جنید نے جیو نیوز سےگفتگو میں بتایا کہ کانگو جان لیوا وائرس ہے اور اس سے بچاؤ کے امکانات صرف 10 فیصد ہیں،کانگو وائرس جانوروں سے انسان اور انسان سے انسان میں منتقل ہوتا ہے۔
ڈاکٹر جنید کا کہنا تھا کہ مسوڑوں، ناک اور فضلے میں خون آنا اور تیز بخار کانگو وائرس کی علامات ہیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اٹک نے اٹک سے دوسرے علاقوں کو مویشیوں کی منتقلی پر پابندی لگادی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اٹک سے مویشیوں کی بین الاضلاعی اور بین الصوبائی منتقلی پر پابندی 7 روز کے لیے ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق عید الاضحیٰ کے پیش نظر مویشی منڈیوں کی کڑی نگرانی کی جائےگی۔
اس کے علاوہ محکمہ ہیلتھ پنجاب نے 9 رکنی ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم اٹک بھیجنےکا فیصلہ کیا ہے، 9رکنی ڈاکٹروں کی ٹیم کانگو کے پھیلنے کی وجوہات کا پتا لگائےگی اور کانگو سے متعلق محکمہ لائیو اسٹاک کے اقدامات کا بھی جائزہ لےگی۔