26 مئی ، 2024
بھارتی دارالحکومت نئی دلی کے چلڈرن اسپتال میں آگ لگنے سے 7 نومولود جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چلڈرن اسپتال میں آتشزدگی کا واقعہ دارالحکومت نئی دلی میں پیش آیا جہاں کل 12 نو مولود موجود تھے جنہیں آگ لگنے کے بعد ریسکیو کرکے دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا مگر ان میں سے 7 بچے منتقلی کے دوران جان کی بازی ہار گئے جب کہ 5 زخمی بچے ابھی زیر علاج ہیں۔
دہلی پولیس کے مطابق انہیں اسپتال میں آگ لگنے کی اطلاع کل رات 11:30 منٹ پر دی گئی جس کے بعد بچوں کو ریسکیو کرنے کا عمل شروع کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چلڈرن اسپتال کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
خیال رہے بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آتشزدگی کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے، کل بھی ریاست گجرات کے ایک گیمنگ زون ہونے والی آتشزدگی کے واقعے میں 9 بچوں سمیت 27 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔