Time 28 مئی ، 2024
پاکستان

شوہر کی مارپیٹ سے تنگ خاتون چار بچے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں چھوڑ کر چلی گئی

شوہر کی مارپیٹ سے تنگ خاتون چار بچے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں چھوڑ کر چلی گئی
فوٹو: اسکرین گریب

سمبڑیال ضلع سیالکوٹ کی رہائشی خاتون مبینہ طور پر شوہر کی مارپیٹ سے تنگ آ کر اپنے 4 بچے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں چھوڑ کر چلی گئی، بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے تحویل میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز ایک ماں اپنے 4 کم سن بچوں کو گریٹر اقبال پارک میں بے آسرا چھوڑ کر چلی گئی، بچے رات بھر سڑک پر پریشان حال پڑے رہے، مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس وہاں پہنچی اور بچوں کو تحویل میں لے لیا۔

7 سالہ بچے زین نے پولیس کوبتایا کہ وہ سمبڑیال کے رہائشی ہیں، والد والدہ کو روزانہ مارتے تھے، پولیس نے زین کی اطلاع پر ان کے والدین کی تلاش شروع کر دی اور بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم کے حوالے کردیا.

چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مطابق گریٹر اقبال پارک سے ملنے والے بچوں میں سے تین لڑکیوں اور ایک لڑکے کی عمریں 8 ماہ سے 7 سال کے درمیان ہیں۔

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا کہنا ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بچوں کی بہترین دیکھ بھال کی جائے گی۔

مزید خبریں :