Geo News
Geo News

کھیل

پاکستان کیلئے براہ راست ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائی کرنے کے امکانات معدوم ہوگئے

پاکستان کیلئے براہ راست ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائی کرنے کے امکانات معدوم ہوگئے
فوٹو: فائل

آئندہ سال بھارت میں ہونیوالے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمن ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کے براہ راست کوالیفائی کرنے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں۔

انگلینڈ سے سیریز میں شکست کے بعد پاکستان کو اب ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔

انگلینڈ سے تین میچز کی سیریز میں شکست کے بعد پاکستان کے آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ میں تمام میچز مکمل ہوگئے، پاکستان ویمن ٹیم نے 24 میچز میں 17 پوائنٹس حاصل کیے۔

آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ 2025 کیلئے ون ڈے چیمپئن شپ کی ٹاپ 6 ٹیموں نے کوالیفائی کرنا ہے، آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں پوائنٹس کی بنیاد پر ایونٹ کیلئے کوالیفائی کرچکے ہیں جبکہ بھارت بھی بطور میزبان ایونٹ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرچکا ہے۔

پاکستان ابھی 17 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ 6 پر ہے لیکن اگلے ماہ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان ہونیوالی سیریز کے نتیجہ خیز ہونے کی صورت میں کوئی ایک ٹیم پاکستان کی جگہ ٹاپ 6 میں آجائے گی۔

سری لنکا اور ویسٹ انڈیز دونوں کے 14، 14 پوائنٹس ہیں اور جس ٹیم نے دو میچز جیت لیے وہ 18 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان پر سبقت لے جائے گی۔

اگر یہ تینوں میچز بارش سے متاثر بھی ہوئے تو سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے 17، 17 پوائنٹس ہوجائیں گے۔

اس کے بعد پھر سری لنکا کو اگست میں آئرلینڈ سے بھی سیریز کھیلنے ہے . ویسٹ انڈیز کی سری لنکا کے بعد بنگلہ دیش سے سیریز باقی ہے۔