30 مئی ، 2024
وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) کے سائبر ونگ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف آئی اے سائبر ونگ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کا فیصلہ گزشتہ دنوں عمران خان کے آفیشل ایکس( سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کی پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 26 مئی کو بانی پی ٹی آئی کے ایکس ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کے نام پر ویڈیو پوسٹ کی گئی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اڈیالہ جیل میں ہیں، ان کا آفیشل ہینڈل پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کیلئے استعمال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر ونگ پی ٹی آئی کے 4 لوگوں سے اس معاملے پر بات کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے ٹیم عمران خان، بیرسٹرگوہر، عمرایوب اور رؤف حسن سے بات کرے گی اور تعین کرے گی کہ ویڈیو ٹوئٹ بانی پی ٹی آئی نے خود یا ان کی اجازت سے کی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ بھی دیکھا جائے گا کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا کس نے بنایا اور کس نے چلایا،اکاؤنٹ ہولڈرکی طرف سے ایسا کیا گیا تو ان کےخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اکاؤنٹ ہولڈر نے ٹوئٹ نہیں کیا تو انہیں اپنا ایکس اکاؤنٹ غیر قانونی استعمال پر بند کرنے کی درخواست دینا ہوگی۔