31 مئی ، 2024
کراچی میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری حضرات اور اداروں کو اختیار بنانے اور ان کے کام میں جدت لانے کے لیے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
یورپی یونین (EU) کی مالی اعانت اور UNIDO کے غربت کے خاتمے اور دیہی سندھ میں جامع ترقی (PAIDAR) پروگرام پر عمل درآمد کرتے ہوئے کراچی میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs)، کاروباری افراد اور ایسوسی ایشنز کو بااختیار بنانے کے لیے پروگرام کا انعقاد ہوا جس میں متنوع کاروباری شعبوں کی نمائندگی کرنے والے 77 شارٹ لسٹ شدہ درخواست دہندگان کی شرکت کو ممکن بنایا۔
گرانٹ فنڈ میں جن شعبوں کا انتخاب کیا گیا ان میں شمسی مصنوعات، آٹو موٹیو انڈسٹری، ویسٹ مینجمنٹ، کنسٹرکشن، فوڈ پروسیسنگ، نمک کی کان کنی، ریٹیل، بائیو ماس پروسیسنگ، ٹیلی میڈیسن، رائس ہسنگ، اور ای کامرس وغیرہ شامل ہیں۔
اس تقریب میں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جس نے صنفی شمولیت اور خواتین کاروباریوں کے تعاون کے لیے PAIDAR کے عزم کو اجاگر کیا۔
نیشنل پروگرام کوآرڈینیٹر جناب بدر الاسلام نے کہا کہ یہ تقریب سندھ میں کاروباری برادری کو بااختیار بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے، یہ کمپنیاں جو تکنیکی معاونت فراہم کرتی ہیں وہ ناصرف ان کاروباروں کو PAIDAR گرانٹس کے لیے درخواست دینے میں مدد فراہم کریں گی بلکہ انہیں اسٹریٹجک کاروباری منصوبے تیار کرنے اور دوسرے مالیاتی اداروں سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں بھی بااختیار بنائے گی۔
سرمایہ کاری ڈپارٹمنٹ کے سیکرٹری جناب راجہ خرم شہزاد عمر کا کہنا تھا حکومت سندھ PAIDAR پروگرام کے پائیدار ترقی کے ماڈل کو تسلیم کرتی اور اس کی تعریف کرتی ہے، خاص طور پر PAIDAR کو اس اعتماد کے لیے سراہتی ہے جو اس نے سندھ میں تاجروں اور کاروباری برادری کو ضروری مالی مدد اور وسائل فراہم کیے ہیں۔