01 جون ، 2024
معروف پاکستانی اداکار فیروز خان نے دوسری شادی کرلی۔
فیروز خان کی جانب سے اپنی شادی کی تصدیق خود اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر کی گئی ہے۔
فیروز خان نے عروسی لباس میں ملبوس اپنی دلہن کے ساتھ بیٹھے ہوئے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ' میری زندگی میں خوش آمدید'۔ فیروز خان نے اس موقع پر اپنی اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے خوبصورت بھی لکھا۔
اداکار کی پوسٹ پر بڑی تعداد میں ان کے مداح مبارک باد کا پیغام لکھ رہے ہیں اور جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔
فیروز خان کی دلہن کے بارے میں حتمی طور پر تو معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کون ہیں اور نہ ہی فیروز خان نے اس حوالے سے کوئی بات بتائی۔
تاہم اس سے قبل فیروز خان کی دوسری شادی کی زیر گردش تصاویر اور ویڈیوز نے صارفین کو شش وپنج میں مبتلا کر دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں فیروز خان کو دعا نامی لڑکی کے ساتھ مایوں کی رسم کے لیے بیٹھے اور ہاتھوں پر مہندی ابٹن لگاتے دیکھا گیا۔
ایک اور ویڈیو میں فیروز خان اپنی دلہن کے ہمراہ سیڑھیاں چڑھ رہے تھے اور ویڈیو میں بچے اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔
ویڈیوز دیکھر کر سوشل میڈیا صارفین حیرت میں مبتلا تھے، کوئی ویڈیوز کو حقیقت جان کر اداکار کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہا تھا تو کوئی ویڈیوز کو ڈرامے کی شوٹنگ قرار دے رہا تھا۔ ویڈیوز میں فیروز کے ساتھ ان کے اہل خانہ کا کوئی بھی فرد نظر نہیں آیا تھا۔
اس کے علاوہ فیروز خان یا ان کے کسی بھی خاندانی ذرائع سے ان کی دوسری شادی کی تصدیق یا تردید نہیں ہوئی تھی تاہم اب اداکار نے خود انسٹا گرام پوسٹ میں اپنی شادی کی تصدیق کردی ہے۔
واضح رہے کہ فیروز خان کی پہلی شادی 2018 میں علیزا سلطان سے ہوئی تھی، اداکار کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش 2019 جب کہ بیٹی کی پیدائش 2022 میں ہوئی تھی۔
بعدازاں 2022 میں ہی فیروز اور علیزا کے درمیان طلاق ہوگئی تھی، علیزا نے الزام عائد کیا تھاکہ فیروز خان انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔