03 جون ، 2024
پاکستانی اداکار فیروز خان نے حال ہی میں دوسری شادی کی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہیں۔
فیروز خان نے عروسی لباس میں ملبوس اپنی دلہن کے ساتھ بیٹھے ہوئے تصویر شیئر کی اور لکھا کہ 'میری زندگی میں خوش آمدید'۔ فیروز خان نے اس موقع پر اپنی اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے خوبصورت بھی تحریر کیا۔
فیروز کی دلہن کے بارے میں حتمی طور پر تو معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کون ہیں اور نہ ہی فیروز خان نے اس حوالے سے کوئی بات بتائی۔
البتہ اداکار کی دلہن کے عروسی لباس سے متعلق تفصیلات سامنے آئی ہیں اور مداح دلہن کے جوڑے کی قیمت جان کے حیران رہ گئے کیونکہ یہ روایتی آسمان کو چھوتی قیمتوں سے کافی کم کا تھا۔
فیروز خان کی دوسری اہلیہ نے شادی کے دن پاکستانی برانڈ افروزہ کا لباس پہنا جس کی قیمت برانڈ کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔
یہ لباس فی الحال ویب سائٹ پر آؤٹ آف اسٹاک ہوچکا ہے، سِلے ہوئے اس جوڑے کی قیمت 30 ہزار 500 روپے ہے جب کہ اگر یہ جوڑا بغیر سِلا لیا جائے تو اس کی قیمت 18 ہزار 500 روپے ہے۔
شادی کی تصاویر سے قبل فیروز خان اور ان کی اہلیہ کی مایوں کی تصویریں سامنے آئی تھیں جس میں دلہن بھی ساتھ بیٹھی تھی۔
واضح رہے کہ فیروز خان کی پہلی شادی 2018 میں علیزا سلطان سے ہوئی تھی، اداکار کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش 2019 جب کہ بیٹی کی پیدائش 2022 میں ہوئی تھی۔
بعد ازاں 2022 میں ہی فیروز اور علیزا کے درمیان طلاق ہوگئی تھی، علیزا نے الزام عائد کیا تھاکہ فیروز خان انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔