04 جون ، 2024
بالی وڈ اسٹار سلمان خان سے شادی کی خواہش مند لڑکی کو اداکار کے فارم ہاؤس کے باہر ہنگامہ برپا کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان ان دنوں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی پری ویڈنگ تقریب میں شرکت کے لیے بھارت میں موجود نہیں ہیں، اس دوران سلمان خان کے فارم ہاؤس کے باہر موجود لڑکی کی مشکوک حرکتوں نے سب کو پریشان کردیا۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ دہلی سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ لڑکی سلمان خان سے ملنے کی خواہش میں ان کے پانول فارم ہاؤس پہنچی تھی، لڑکی کا مطالبہ تھا کہ وہ سلمان خان سے ملنا اور پھر شادی کرنا چاہتی ہے، جب لڑکی کو یہ بتایا گیا کہ سلمان خان فی الحال بھارت میں موجود نہیں تو اس نے فارم ہاؤس کے باہر ہنگامہ برپا کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سلمان خان کی مداح ان سے شادی کی خواہش پر بضد تھی اور ان سے ملنے کے علاوہ کچھ بھی سننے کو تیار نہیں تھی جس کے بعد علاقہ مکینوں نے سلمان خان کے فارم ہاؤس کے باہر لڑکی کی مشکوک حرکتیں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دے دی۔
بعد ازاں پولیس اہلکار وں نے لڑکی کو گرفتار کرکے ایک این جی او کے حوالے کردیا۔