Time 06 جون ، 2024
دنیا

حزب اللہ کے میزائل اور ڈرون حملوں میں 2 اسرائیلی ہلاک اور 20 سے زائد زخمی

حزب اللہ کے میزائل اور ڈرون حملوں میں 2 اسرائیلی ہلاک اور 20 سے زائد زخمی
فوٹو: فائل

شمالی اسرائیل پر حزب اللہ کے میزائل اور ڈرون حملوں میں 2 اسرائیلی ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

حزب اللہ کے مزاحمت کاروں کی جانب سے اسرائیلی علاقے کریات شمونہ پر بھی ٹینک شکن میزائل سے حملہ کیا گیا جس سے ایک مکان میں آگ لگ گئی۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حملے سے کچھ گھنٹے پہلے ہی فوجی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے کریات شمونہ کا دورہ کیا تھا۔

دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 70 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

اقوام متحدہ کے مطابق الاقصیٰ اسپتال میں سینکڑوں مریص لائے جا رہے ہیں جن میں اکثریت جھلسنے، ہڈیاں ٹوٹنے، یا دھار دار چیز سے شدید زخمی ہونے والے افراد کی ہے۔

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں امداد کی رسائی پر اسرائیلی پابندیوں کی وجہ سے جولائی میں 10 لاکھ سے زیادہ فلسطینی بدترین بھوک کا شکار ہوسکتے ہیں۔

غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دروان 115 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر یورپی ملک سلووینیا کی پارلیمنٹ نے بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کی منظوری دے دی ہے، سلووینیا کیساتھ فلسطین کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد 146 ہوگئی۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں 36 ہزار 586 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 83 ہزار 74 افراد زخمی ہو چکے ہیں، شہید اور زخمیوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔

مزید خبریں :