Time 07 جون ، 2024
کھیل

پاکستان یہ میچ جیتنے کا مستحق نہیں تھا، ہم نے تاریخ دوہرا دی: شعیب اختر

پاکستان یہ میچ جیتنے کا مستحق نہیں تھا، ہم نے تاریخ دوہرا دی: شعیب اختر
فوٹو: ای ایس پی این

پاکستان کے سابق اسٹار فاسٹ بولر شعیب اختر نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی امریکا سے شکست پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

شعیب اختر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ اگر یہ میچ دیکھا جائے تو پاکستان اسے جیتنے کے لائق ہی نہیں تھا۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ امریکی ٹیم نے اس میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ہماری ٹیم میں بھی شاہین اور عامر سمیت دیگر نے میچ بچانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میچ میں شروع سے ہی امریکا کی ٹیم حاوی رہی، یہ پاکستان کے لیے مایوس کن شکست تھی اور ایونٹ کا بھی یہ کوئی اچھا آغاز نہیں ہے۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ہم نے 1999 ورلڈکپ کی تاریخ دوہرا دی جب پاکستان کو بنگلادیش سے شکست ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ 1999 میں 50 اوورز کے ورلڈکپ کے 29 ویں میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو  62 رنز سے ہرایا تھا۔

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا اور ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

امریکا نے سپر اوور میں پاکستان کو جیت کیلئے 19 رنز کا ہدف دیا، قومی ٹیم صرف 13 رنز بناسکی۔

ڈیلس میں گروپ اے کے کھیلے گئے میچ میں امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے،کپتان بابر اعظم 44 اور شاداب 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

امریکا کو میچ جیتنے کے لیے آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے، امریکی بیٹر نتیش کمار نے حارث رؤف کو چوکا مارا اور میچ برابر ہوگیا، بعدازاں امریکا نے سپر اوور میں میچ میں فتح حاصل کی۔

مزید خبریں :