Time 07 جون ، 2024
پاکستان

ڈی سیٹ کرنے کیخلاف اپیل، سپریم کورٹ کا پیش نہ ہونے پر قاسم سوری کی طلبی کے اشتہار جاری کرنیکا حکم

ڈی سیٹ کرنے کیخلاف اپیل، سپریم کورٹ کا پیش نہ ہونے پر قاسم سوری کی طلبی کے اشتہار جاری کرنیکا حکم
قاسم سوری جان بوجھ کر پیش نہیں ہو رہے، سابق ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے نوٹس وصولی سے اجتناب بدقسمتی ہے: عدالت۔ فوٹو فائل

سپریم کورٹ نے ڈی سیٹ کرنے کے خلاف اپیل کرنے کے باوجود پیش نہ ہونے پر سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی طلبی کے اشتہار جاری کرنے کا حکم دیدیا۔

ڈی سیٹ کرنے کے خلاف دائر اپیل پر قاسم سوری سپریم کورٹ کی طلبی پر ایک مرتبہ پھر پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے قاسم سوری کی طلبی کے اشتہار جاری کرنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے طلبی کا نوٹس قاسم سوری کے گھر کے باہر بھی چسپاں کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ ریکارڈ کے مطابق قاسم سوری کے بھائی بلال نے نوٹس وصول کرنے سے انکار کیا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ قاسم سوری جان بوجھ کر پیش نہیں ہو رہے، سابق ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے نوٹس وصولی سے اجتناب بدقسمتی ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے قاسم سوری کے وکیل نعیم بخاری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے مؤکل میڈیا اور سوشل میڈیا پر تو بہت متحرک ہیں، جس پر نعیم بخاری نے کہا معلوم نہیں جناب میں تو ٹی وی نہیں دیکھتا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا آپ خود میڈیا کی شخصیت ہیں اور ٹیلیوژن نہیں دیکھتے، کیا آپ ایکس یا ٹوئٹر سے واقف ہیں؟ نعیم بخاری کا کہنا تھا سوشل میڈیا استعمال کرتا ہوں نہ ہی مجھے استعمال کرنا آتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا آپ خود کو بوڑھا کیوں سمجھ رہے ہیں، جوان اور اپ ٹو ڈیٹ رہیں، جس پر نعیم بخاری کا کہنا تھا بوڑھا تو اب ہو چکا ہوں۔

جسٹس عرفان سعادت نے کہا ایک ٹیلیویژن پروگرام میں آپ نے کہا تھا میرے دوست مجھے بوڑھا نہیں ہونے دیتے۔

وکیل نعیم بخاری نے عدالت کو بیان دیا کہ میرا قاسم سوری سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا آئندہ سماعت جولائی میں رکھیں گے، عدالتی حکم میں آئندہ تاریخ مقرر کردیں گے، بعد ازاں سپریم کورٹ نے سماعت آئندہ ماہ تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں :