10 جون ، 2024
سینیئر کرکٹ تجزیہ کار سکندر بخت نے کہا ہے کہ اگر نسیم شاہ دو چوکے مار سکتا ہے تو کیا افتخار نہیں مار سکتا؟ کیا عماد وسیم جسے ہم گھر سے اٹھا کر لائیں ہیں کہ سر آئیں آپ اور کھیلیں ہمارے لیے، کیا وہ یہ دو چوکے نہیں مار سکتے تھے؟
انہوں نے سوال کیا کہ ایسا کیا تھا کہ نسیم شاہ نے دو چوکے مار لیے اور جن کو بیٹر کرکے لاکر کھلایا تھا ان چار پانچ بیٹروں سے دو چوکے نہیں لگائے گئے، میں تو حیران ہوں اس بات پر کہ کہیں کسی نے کوشش ہی نہیں کی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اگر آگے جاکر یہ ٹیم کوالیفائی نہیں کرتی، جو کہ اب لگتا ہے کہ نہیں کر پائے گی، تو ان چار پانچ لوگوں کو کرکٹ سے فارغ کردینا چاہیے۔
سکندر بخت کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو اور کتنا چانس دیا جائے کہ یہ پرفارم کریں گے؟
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بیٹرز کی لاپروائی ، غیر ذمہ داری اور غفلت نے پاکستان کو جیتا ہوا میچ ہروا دیا۔
پاکستانی بیٹرز بھارت کے خلاف 120 رنز کا ہدف بھی حاصل نہ کر سکے ۔ فخر زمان ، شاداب خان ، عماد وسیم کو جب سنگلز بنانے تھے اس وقت لمبی ہٹ لگانے کی کوششں کرتے رہے اور جب ہٹ لگانی تھیں تو سنگلز بنائے۔
بھارت نے میچ 6 رنز سے جیت کر پاکستان کی سپر ایٹ تک رسائی تقریباً ناممکن بنا دی، اگر امریکا نے آئرلینڈ کو ہرا دیا تو پاکستان کیلئے ورلڈ کپ کا سفر ختم سکتا ہے۔