Time 11 جون ، 2024
کھیل

ان سے بزدل کھلاڑی نہیں دیکھے، 120 رنز پر بھی ٹانگیں کانپ رہی تھیں: عمران نذیر

ان سے بزدل کھلاڑی نہیں دیکھے، 120 رنز پر بھی ٹانگیں کانپ رہی تھیں: عمران نذیر
ورلڈکپ سے 10 سے 12دن پہلے کوچز ہائر کیے جاتے ہیں، وہ کہتے ہیں اتنے کم دن میں ہم کیا سکھا دیں گے؟ سابق کرکٹر کی پروگرام میں گفتگو

سابق پاکستانی کرکٹر عمران نذیر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں امریکا اور بھارت سے ہارنے والی پاکستان ٹیم کو بزدل قرار دے دیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت بابر اعظم کی قیادت میں ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے امریکا میں موجود ہے جہاں اسے ابتدائی دو میچز میں پہلے امریکا اور پھر اتوار کو بھارت کے خلاف شکست ہوئی۔

پاکستان ٹیم کی مسلسل بری کارکردگی پر جہاں شائقین کرکٹ مایوس ہیں وہیں سابق کرکٹرز بھی کھلاڑیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’ہارنا  منع ہے ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر عمران نذیر نے کہا کہ  بھارت کے خلاف میچ میں 120رنز کا ہدف تھا اور ٹیم کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں۔ 

سابق کرکٹر نے پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کو بزدل قرار دیا اور کہا کہ کرکٹ دلیری سے کھیلی جاتی ہے، اس طرح کھیل کر جیت نہیں حاصل کی جاتی ہے، ہمارے پاس اسکلز نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب مختلف پروگرام میں بیٹھ کر ٹیم کی غلطیوں کی نشاندہی کررہے ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ ان پر کام کیوں نہیں ہورہا؟ ابھی بھی ہم 4 دن سوگ منائیں گے اس کے بعد پھر وہی روٹین ہوگی۔

 عمران نذیر نے کرکٹ بورڈ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ورلڈکپ سے 10 سے 12دن پہلے کوچز ہائر کیے جاتے ہیں، وہ کہتے ہیں اتنے کم دن میں ہم کیا سکھا دیں گے؟

انہوں نے کہا کہ آپ کے8 کھلاڑی 40 نہیں بناسکے۔

مزید خبریں :