Time 13 جون ، 2024
انٹرٹینمنٹ

سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کا آڈیو دعوت نامہ 'لیک' ہوگیا

معروف بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اور اداکار ظہیر اقبال کی شادی کا آڈیو دعوت نامہ لیک ہوگیا۔

گزشتہ چند روز سے بھارتی میڈیا پر خبریں زیر گردش تھیں کہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال رواں ماہ 23 جون کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہے ہیں جس کی دونوں جانب سے تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی۔

تاہم اب شادی سے 10 دن پہلے جوڑے کی شادی کا آڈیو دعوت نامہ سوشل میڈیا پر لیک ہوگیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس آڈیو دعوت نامے میں سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نےشادی کا اعلان کیا ہے۔

ظہیر اقبال نے آڈیو پیغام میں کہا کہ ہماری شادی کی یہ خوشیاں عزیز و اقارب اور دوستوں کے بغیر ادھوری ہیں اس لیے آپ سب لوگ جہاں کہیں بھی مصروف ہیں سب کام چھوڑ کر ہماری شادی کی تقریب میں شرکت کریں، ہمیں آپ کا انتظار  رہے گا۔

اس سے قبل بھارتی میڈیا آئی دیوا سے بات کرتے ہوئے سوناکشی سنہا نے اپنی شادی کی افواہوں پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پہلی بات یہ ہے کہ میری شادی سے کسی اور کو کوئی سروکار نہیں ہونا چاہیے اور دوسری بات یہ کہ یہ میری مرضی ہے، اس لیے مجھے نہیں معلوم کہ لوگ اس کے بارے میں اتنے پریشان کیوں ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'لوگ مجھ سے میری شادی کے بارے میں میرے والدین سے زیادہ پوچھتے ہیں، اس لیے مجھے یہ بہت مضحکہ خیز لگتا ہے'۔

مزید خبریں :