14 جون ، 2024
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلا س میں ارکان سینیٹ نے ریٹیلرز کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔
سینیٹ ارکان نے اجلاس میں کہا کہ ریسٹورنٹس اور بک شاپس سمیت بہت سے ریٹیلرز کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ وصول نہیں کرتے اور مشین کا لنک ڈاؤن ہونے کا بہانہ کر دیتے ہیں۔
اس پر چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ریٹیلرز کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ کریڈٹ کارڈ کے ذریعے پیمنٹ وصول کریں، اگر کوئی کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ قبول نہیں کرتا تو کاروبار سیل کیا جائے گا۔
ان کا کہناتھاکہ پی او ایس انوائس سسٹم پر عمل درآمد نہ کرنے والے ریٹیلرز کو پانچ لاکھ جرمانے وصول کرکے 7 دن بعد کاروبار یا دکان کھولنے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کی جانب سے روز کی تین یا ہفتے میں پانچ شکایات پر کارروائی کی جائے گی، اب ایف بی آر میں ڈیش بورڈ بھی لگا ہوا ہے جس سے پتہ چل جاتا ہے کہ کس دکان کا پوائنٹ آف سیل بند ہے۔