کھیل

ٹی 20 ورلڈکپ: ناقص کارکردگی کے باوجود شاداب کو ٹیم میں کھلانے کی وجہ سامنے آ گئی

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے میں کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی اس وقت موضوع بحث بنی ہوئی ہے، پاکستان وائٹ بال ٹیم کے سابق نائب کپتان شاداب خان کا نام اس فہرست میں نمایاں نظر آتا ہے۔

25 سال کے شاداب خان جنہوں نے ورلڈ کپ کے 4 میچوں کے دوران کوئی وکٹ حاصل نہیں کی اور تین اننگز میں 44 رنز بنائے۔

شاداب کی 11 رکنی ٹیم میں شمولیت کا دفاع کرتے ہوئے، اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کا خیال ہے کہ وہ ایک مکمل پیکج ہیں ، انہیں ورلڈ کپ میں اس لیے کھلایا گیا کہ بیٹرز پرفارم نہیں کر رہے تھے۔

شاداب نے امریکا کے خلاف پہلے میچ میں 40رنز کی اننگز کھیلی، البتہ بولنگ میں ان کی ناقص کارکردگی پر کوچ نے افسوس کا اظہار کیا۔

فلوریڈا میں اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کے ہمراہ سینیئر منیجر اور سلیکٹر وہاب ریاض نے بات کرتے ہوئے کہا کہ شاداب خان مشکل دور سے گزر رہے ہیں لیکن ان کے تجربے کی بنیاد پر ان پر اعتماد کیا گیا۔

وہاب ریاض نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے بہترین بولر اسامہ میر کو ڈراپ کرنا مشکل فیصلہ تھا، البتہ انہیں آگاہ کیا گیا کہ آپ کی ٹیم میں جگہ نہیں بن رہی۔

وہاب ریاض نے مزید بتایا کہ چیئرمین پی سی بی سے اسامہ میر کے رابطہ کرنے پر دکھ ہوا، البتہ انہوں نے اپنا حق استعمال کیا۔

این او سی روکنے کے سوال پر سینیئر منیجر بولے کہ یہ ہم نے نہیں بورڈ کے انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کا فیصلہ تھا، ہم نے تو این او سی کے لیے کہا، البتہ بتایا گیا کہ اسامہ میر پہلے ہی دو لیگ کھیل چکے ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ شاداب خان نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز ، آئر لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کیساتھ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے چار میچوں کیساتھ آخری 12 ٹی 20 میں 110 رنز بنانے کیساتھ صرف تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر سکے ہیں ۔

مزید خبریں :