24 جون ، 2024
کراچی سمیت ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر برقرار ہے جس نے شہریوں کا جینا محال کردیا ہے۔
اتوار کو کراچی میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، یہ درجہ حرارت 50 اور52 ڈگری تک محسوس کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران بھی کراچی کا پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے البتہ تین روز کے بعد درجہ حرارت میں کمی ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ اتوار کو سندھ اور پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں دن بھر سورج آگ برساتا رہا، سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو اور جیکب آباد میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
تربت میں 45، نوابشاہ میں 44، سرگودھا،جہلم، سبی،ڈی آئی خان میں 43، لاہور،فیصل آباد، حیدرآباد،سکھر اور بنوں میں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
اسلام آباد میں بھی درجہ حرارت 41 ڈگری کو چھو گیا۔