Time 24 جون ، 2024
کھیل

پی سی بی کے ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط بنانےکیلئے اہم فیصلے

پی سی بی کے ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط بنانےکیلئے  اہم فیصلے
چیرمین پی سی بی نے ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کے پلان کی اصولی منظوری دے دی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کو  مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا  ہے۔ 

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بورڈ روم میں 3 گھنٹے طویل اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ نظام کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور چئیرمین پی سی بی  نےکوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کے پلان کی اصولی منظوری بھی دی۔

اجلاس میں کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے سفارشات اور تجاویز پر غور کیا گیا، اور فیصلہ کیا گیا کہ کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہو گی جبکہ ڈومیسٹک کنٹریکٹ پر نظر ثانی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ 

چیئرمین پی سی بی کی زیر صدارت  اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے کوچنگ کا معیار  بہتر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا اور اس ضمن میں ڈومیسٹک کرکٹ کے کوچز کی ٹریننگ کے لیے ماسٹر کوچ کو تعینات کیا جائے گا۔ 

چیرمین پی سی بی نے کہا کہ کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو ہر سطح پر پرموٹ کیا جائے گا اور کلب لیول سے نیشنل لیول تک تسلسل کے ساتھ ٹورنامنٹس کا انعقاد کرایا جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بہترین کوچز نئےٹیلنٹ کی ٹریننگ کرکے صلاحیتوں میں نکھار لائیں گے، کارکردگی، فٹنس اور میرٹ پر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، نئے ٹیلنٹ پر سرمایہ کاری سے کرکٹ کو نچلی سطح پر فروغ ملے گا اور کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ سے انٹرنیشنل کرکٹ سے گیپ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ 

اجلاس میں  بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کے خدوخال کا بھی جائزہ لیا گیا اور چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے تینوں فارمیٹس کے ٹورنامنٹس کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ 

مزید خبریں :