Time 24 جون ، 2024
پاکستان

کراچی میں ایدھی سرد خانوں میں لائی گئی میتوں کی تعداد میں دگنا اضافہ ہوگیا، فیصل ایدھی

کراچی میں  ایدھی سرد خانوں میں لائی گئی میتوں کی تعداد میں دگنا اضافہ ہوگیا، فیصل ایدھی
فیصل ایدھی کے مطابق 5 روز کے دوران 423 افراد کی میتیں غسل اور کفن کے لیےلائی گئیں— فوٹو: فائل

کراچی میں ایدھی فاونڈیشن کے سرد خانوں میں لائی گئی میتوں کی تعداد میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔

سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 3 روز میں 300 افراد کی میتیں ایدھی فاونڈیشن کے 3 سرد خانوں میں لائی گئیں۔

فیصل ایدھی کے مطابق 5 روز کے دوران 423 افراد کی میتیں غسل اور کفن کے لیےلائی گئیں۔

فیصل ایدھی نے  بتایا کہ عام دنوں کےمقابلےمیں حالیہ دنوں میں میتوں کی تعداد دگنی ہے، زیادہ تر میتوں کے ساتھ ورثا موجود تھے اور نامعلوم میتوں کی تعداد کم ہے۔

فیصل ایدھی نے کہا کہ ایدھی فاونڈیشن کےسہراب گوٹھ، کورنگی اور میٹھادرمیں سرد خانےقائم ہیں۔

 خیال رہے کہ کراچی شدید گرم اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں ہے اور ہواؤں کے رخ میں تبدیلی کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔

آج گرمی کے باعث شہر میں اموات رپورٹ ہوئی ہیں اور شہر میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

جناح اسپتال کی پولیس سرجن ڈاکٹرسمعیہ کے مطابق جناح اسپتال میں گرمی سے جاں بحق دو افراد کی لاشیں لائی گئیں اور جاں بحق دونوں افرادکی شناخت نہیں ہوسکی۔

انہوں نے کہا کہ دو افراد کی لاشیں سول اسپتال لائی گئیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق جناح اسپتال میں چار دونوں میں ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ 10 افراد کو لایاگیا تھا۔

دوسری جانب کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران جزوی ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :