Time 25 جون ، 2024
دلچسپ و عجیب

آپ کے سن گلاسز کے شیشوں کا رنگ توقعات سے زیادہ اہم ہوتا ہے

آپ کے سن گلاسز کے شیشوں کا رنگ توقعات سے زیادہ اہم ہوتا ہے
سن گلاسز کے ہر رنگ کا اپنا مقصد ہوتا ہے / فوٹو بشکریہ GQ

موجودہ عہد میں سن گلاسز کا استعمال بڑھ گیا ہے کیونکہ ان سے آنکھوں کو سورج کی مضر شعاعوں سے تحفظ ملتا ہے۔

اپنے لیے درست سن گلاسز ڈھونڈنا کافی مشکل ہوتا ہے کیونکہ وہ متعدد رنگوں اور ڈیزائن میں دستیاب ہوتے ہیں۔

مگر آخر سن گلاسز کے شیشوں کے لیے متعدد رنگ جیسے براؤن، گرے، سبز اور دیگر کیوں استعمال کیے جاتےہیں؟

کیا سن گلاسز کے شیشوں کے مختلف رنگوں کے مختلف مقاصد ہوتے ہیں؟

اس کا جواب ہاں ہے۔

سن گلاسز کے شیشے کا رنگ سورج کی روشنی کو فلٹر کرنے کے عمل پر اثر انداز ہوتا ہے اور مخصوص رنگ مختلف سرگرمیوں میں دیگر سے زیادہ بہتر ثابت ہوتے ہیں۔

تو جانیں کہ سن گلاسز کے مختلف رنگوں کا مقصد کیا ہوتا ہے۔

براؤن سن گلاسز

اس رنگ کے سن گلاسز کافی عام ہوتے ہیں اور روزمرہ کے استعمال کے لیے بہترین کام کرتے ہیں۔

براؤن رنگ کے سن گلاسز استعمال کرنے کے متعدد فوائد ہیں اور اسی لیے یہ ایک مقبول رنگ ہے۔

یہ آپ کی آنکھوں کو سورج کی روشنی اور چمک سے تحفظ فراہم کرتے ہیں جبکہ بینائی کو زیادہ بہتر طریقے سے کام کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق براؤن سن گلاسز کھیلوں اور چار دیواری سے باہر کی سرگرمیوں کے لیے بہترین ہوتے ہیں کیونکہ یہ نظارے کو صاف دکھاتے ہیں۔

پیلے یا نارنجی سن گلاسز

پیلے یا نارنجی رنگ کے سن گلاسز معتدل سے کم روشنی والے ماحول کے لیے بہترین ہوتے ہیں۔

دھند یا ابر آلود موسم میں ان کو استعمال کرنے سے منظر صاف نظر آتا ہے کیونکہ یہ اردگرد کے منظر کو زیادہ بہتر طریقے سے دکھاتے ہیں۔

یہ رنگ حرکت کرنے والی اشیا پر توجہ مرکوز کرنا بھی آسان بناتے ہیں، اسی لیے گیمرز، پائلٹس اور شکاریوں کے لیے بہترین تصور کیے جاتے ہیں۔

نیلے یا جامنی سن گلاسز

نیلے یا جامنی رنگ کے سن گلاسز تیز روشنی کی چمک کو کم کرتے ہیں اور ان کا استعمال زیادہ روشن جگہوں کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے۔

انہیں پہننے سے تیز روشنی سے آنکھیں چندھیانے کا خطرہ کم ہوتا ہے جبکہ یہ اردگرد کے رنگوں کو بھی بہتر بناتے ہیں۔

اسی لیے انہیں پانی میں کھیلے جانے والے کھیلوں، برفباری یا نمی والی جگہوں کے لیے بہترین تصور کیا جاتا ہے۔

سبز سن گلاسز

سبز رنگ کے سن گلاسز متعدد جگہوں کے لیے موزوں تصور کیے جاتے ہیں۔

اس رنگ کے سن گلاسز روشنی کی چمک کو کم کرتے ہیں جبکہ سایوں کو روشن کرتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں سورج کی روشنی میں کی جانے والی سرگرمیوں جیسی مچھلی کے شکار، ہائیکنگ یا گولف کے لیے موزوں تصور کیا جاتا ہے۔

مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ کم روشنی والے ماحول یا ابر آلود موسم کے لیے بھی بہترین ہوتے ہیں۔

گلابی یا سرخ سن گلاسز

گلابی یا سبز رنگ کے سن گلاسز تفصیلی نظارے کے لیے بہترین سمجھے جاتے ہیں۔

یہ رنگ ونٹر اسپورٹس کے لیے مقبول ہیں کیونکہ وہ برف کے سفید پس منظر سے آنکھوں پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرتے ہیں۔

اسی طرح ان رنگوں کے گلاسز ایسے افراد کے لیے بھی بہترین سمجھے جاتے ہیں جن کی آنکھوں میں روشنی چبھتی ہے یا وہ بینائی کے کسی عارضے کے شکار ہوتے ہیں۔

ان سن گلاسز کے استعمال سے آنکھوں کو سکون پہنچتا ہے اور دباؤ گھٹ جاتا ہے۔

گرے سن گلاسز

گرے سن گلاسز رنگوں کو متاثر کیے بغیر سورج کی چمک کو کم کرتے ہیں جبکہ ہماری بینائی کو قدرتی نظارہ فراہم کرتے ہیں۔

یہ روزمرہ کے استعمال کے لیے بہترین سمجھے جاتے ہیں اور متعدد حالات میں انہیں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سورج کی تیز روشنی میں تو یہ آنکھوں کو سکون فراہم کرتے ہی ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ ابر آلود یا کم روشنی والے ماحول کے لیے بھی موزوں ہوتے ہیں۔

انہیں ڈرائیونگ کے لیے بھی بہترین سمجھا جاتا ہے۔

مزید خبریں :