26 جون ، 2024
غزہ میں اسرائیلی فوج نے درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جبالیہ کیمپ میں گھر خالی نہ کرنے پر ایک معمر فلسطینی خاتون پر کتا چھوڑدیا۔
نشریاتی ادارے الجزیرہ کی جانب سے حاصل کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں فوجی آپریشن کے دوران اسرائیلی فوجیوں کا کتا معمر فلسطینی خاتون کے گھر میں داخل ہوکر ان پر حملہ کردیتا ہے۔
نشریاتی ادارےکے مطابق ویڈیو کچھ ہفتوں قبل کی ہے اور حملے کا شکار ہونے والی خاتون کی شناخت دولت التنانی کے نام سے ہوئی ہے، حملے کے نتیجے میں متاثرہ خاتون کا ہاتھ زخمی ہوا ہے اور اسپتال یا طبی سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ سے ان کا اب تک مناسب علاج نہیں ہوسکا ہے۔
متاثرہ خاتون نے الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے گھر سے جبراً بے دخل کیے جانے سے انکار کیا تو اسرائیلی فوج نے ان پر کتا چھوڑ دیا جس نے حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا۔