Time 29 جون ، 2024
پاکستان

کوئٹہ: بچی کو بچاتے ہوئے ٹرین کی زد میں آکر زخمی ہونے والا اسکول ٹیچر کراچی منتقل

کوئٹہ: بچی کو بچاتے ہوئے ٹرین کی زد میں آکر زخمی ہونے والا اسکول ٹیچر کراچی منتقل
فوٹو: سی ایم ہاؤس بلوچستان

کوئٹہ میں بچی کو بچاتے ہوئے ٹرین کی زد میں آکر ایک ہاتھ اور پیر سے محروم ہونے والے اسکول کے استاد عامر غوری کو علاج کیلئے کراچی منتقل کردیا گیا۔

زخمی استاد عامر کی اہلیہ کی جانب سے اپنے شوہر کے مزید علاج اور مصنوعی اعضا لگوانے میں مدد کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی گئی تھی۔

بعد ازاں عامر غوری کی اہلیہ کی اپیل پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس ہاشم کاکڑ نے سول اسپتال پہنچ کر زخمی استاد عامر غوری کی عیادت کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے زخمی استاد کو مزید علاج کیلئے کراچی کی نجی اسپتال منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات پر چیف منسٹر سیکرٹریٹ نے سرکاری خرچ پر زخمی استاد عامر غوری کے مزید علاج کیلئے آغا خان اسپتال کراچی منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

واضح رہے کہ 25 جون کو کوئٹہ میں شہباز ٹاؤن ریلوے کراسنگ کے مقام پر سرکاری اسکول کے 55 سالہ استاد عامر غوری ٹرین کی زد میں آکر زخمی ہو گئے تھے جنہیں علاج کیلئے کوئٹہ ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا تھا۔

عامر غوری کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر ایک بچی کو بچاتے ہوئے ٹرین کی زد میں آئے تھے، عامر غوری نہ صرف اپنے گھر کے واحد کفیل بلکہ اپنی دو بہنوں کی مدد اور دوبڑے بھائیوں کی بیواؤں اور ان کے بچوں کی کفالت بھی کر رہے تھے۔

مزید خبریں :