30 جون ، 2024
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے کے بعد راہول ڈریوڈ کا بحیثیت کوچ بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ سفر ختم ہوگیا۔
بھارت آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو شکست دیکر دوسری بار ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چیمپئن بن گیا۔
بھارت کے 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بولرز نے جنوبی افریقا سے جیتا ہوا میچ چھین لیا، جنوبی افریقا کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا سکی اور اسے 7 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم نے 2007 کے بعد دوسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی ٹرافی اٹھائی۔
اس جیت کے ساتھ انڈین کرکٹ ٹیم کے کوچ راہول ڈریوڈ کا بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ راہول ڈریوڈ کا بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ آخری اسائنمنٹ تھا۔
یہی وجہ ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ڈریوڈ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور انہیں کندھوں پر بھی اٹھایا جبکہ کپتان روہت شرما نے جیت بھی اپنے کوچ کے نام کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گوتم گھمبیر راہول ڈریوڈ کی جگہ بھارت کی مینز ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
یاد رہے کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما نے بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔