Time 30 جون ، 2024
کاروبار

ای سی سی نے گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمت برقرار رکھنے کی منظوری دے دی

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گھریلو صارفین کے لیےگیس کی قیمت برقرار رکھنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق  وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں قدرتی گیس کی فروخت کی قیمتوں کے تعین کی مجوزہ سمری منظور کی گئی۔

ذرائع کے مطابق کیپٹو پاور کے سوا باقی صنعتوں کے لیے بھی گیس کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ای سی سی نے کیپٹو پاور کے لیے گیس ٹیرف2750  سے بڑھاکر3 ہزار روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی منظوری دی،گیس کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے ہوگا۔

دوسری جانب گیس قیمتوں میں اضافے سے متعلق سمری کی منظوری کی اندرونی کہانی  سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق ای سی سی کو بتایا گیاکہ  آئی ایم ایف گیس کی قیمت میں اضافہ چاہتا ہے، 

سمری میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کی کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس مہنگی کرنے کی شرط ہے۔

مجوزہ سمری کے مطابق گیس فی ایم ایم بی ٹی یو 2750 روپے سے بڑھ کر 3 ہزار روپے ہوگی، کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے قیمت میں اضافے سے 76 ارب روپے ریونیو ملے گا۔

مجوزہ سمری سمری میں بتایا گیا کہ اگلے سال جنوری میں گیس کی قیمتوں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اورجنوری میں دوبارہ جائزہ لے کر قیمتوں میں ردوبدل کیا جائے گا۔

سمری کے مطابق جولائی کے لیے سمری میں کیپٹو کے علاوہ گیس کے ریٹس نہیں بڑھائے گئے۔ 

سمری میں کہا گیا کہ روٹی کے تندور کے لیے گیس قیمت فی ایم ایم بی ٹی یو 700 روپے برقرار رہے گی، فرٹیلائزر کے لیے گیس کی قیمت فی ایم ایم بی ٹی یو 1597 روپے رہے گی، سیمنٹ انڈسٹری کے لیے گیس کی فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 4400 روپے برقرار رہے گی اور گیس کا بلک ریٹ فی ایم ایم بی ٹی یو 2900 روپے برقرار رہے گا۔

کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے نئی قیمت کی حتمی منظوری وزیر اعظم دیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی منظوری کے بعد کل تک نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :