Time 02 جولائی ، 2024
پاکستان

عمران خان کی حراست کا فیصلہ من مانی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے: یو این ورکنگ گروپ

نیویارک: اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ورکنگ گروپ نے بانی پی ٹی آئی کی حراست کا فیصلہ من مانی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف وزری قرار دے دیا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ذلفی بخاری کی نامور لاء فرم کے ذریعے اقوام متحدہ میں دائر پٹیشن پر یو این ورکنگ گروپ کی قانونی رائے سامنے آئی ہے جس میں عمران خان کی  فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ورکنگ گروپ کی رپورٹ کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کا کوئی قانونی جواز نہیں، بظاہر اس کا مقصد انہیں نااہل کرنا تھا۔

رپورٹ میں حکومت سے ورکنگ گروپ کو پاکستان کے دورے اور بانی پی ٹی آئی کی قید میں حالات کی آزادانہ تحقیقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ورکنگ گروپ نے تشویش ظاہر کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنے دفاع کا حق نہیں دیا گیا، وکلا صفائی سے جرح کا حق لے کر سرکاری وکلا کو دیا گیا۔

ورکنگ گروپ کا کہنا ہےکہ اس معاملےپر حکومت پاکستان کا مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم کوئی جواب نہیں ملا۔

مزید خبریں :