Time 07 جولائی ، 2024
کھیل

پیرس ڈائمنڈلیگ: پاکستانی جویلین تھرور ارشدندیم کی چوتھی پوزیشن، میڈل نہ جیت سکے

پیرس ڈائمنڈلیگ: پاکستانی جویلین تھرور ارشدندیم کی چوتھی پوزیشن، میڈل نہ جیت سکے
فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان کے ٹاپ ایتھلیٹ ارشد ندیم کی ایک سال بعد فیلڈ پر واپسی ہوئی ہے، پیرس ڈائمنڈ لیگ میں میڈل تو نہ جیت سکے لیکن چوتھی پوزیشن حاصل کرکے اولمپکس سے قبل فارم اور  ردھم کو بحال کرلیا۔

دنیا کے بہترین ایتھلیٹس کے مقابلے ڈائمنڈ لیگ کے پیرس میں ہونے والے مقابلوں میں ارشد ندیم جویلین تھرو ایونٹ میں شریک تھے۔

پہلی باری میں ارشد ندیم نے 74 عشاریہ 11 میٹر تھرو کی اور اس کے بعد دھیرے دھیرے تھرو بہتر کرتے رہے۔

دوسری باری میں انہوں نے 80.28 میٹر کی تھرو کی، تیسری باری میں 82.71 میٹر کی تھرو کی۔اس موقع پر وہ ٹاپ تھری میں شامل تھے۔

چوتھی باری میں انہوں نے 82.17 کی تھرو کی مگر اس ہی راؤنڈ میں جیکب ویڈلیخ 85 میٹر کی تھرو کرکے ارشد سے آگے نکل گئے۔

پانچویں راؤنڈ میں ارشدکو  ایک بڑی تھرو درکار تھی تاکہ وہ ٹاپ تھری میں آسکیں تاہم ان کی 84 عشاریہ 21 کی تھرو ان کے لیےکافی نہ تھی، یوں انہیں چوتھی پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔

یہ اگست 2023 کے بعد ارشد ندیم کا پہلا بڑا ایونٹ تھا، ارشد نے حال ہی میں سرجری کے بعد کم بیک کیا، وہ اس ماہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے میڈل جیتنے کی اہم امید ہوں گے۔

مزید خبریں :